برسلز: صدر آزاد کشمیر مسعود خان کا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے کشمیر کو کبھی بھارت کا حصہ تسلیم نہیں کیا اور نہ کریں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حالت زار کو دنیا تک پہنچائیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے برسلز میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت طاقت سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو نہیں روک سکتا۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں نے کشمیر کو کبھی بھارت کا حصہ تسلیم نہیں کیا اور نہ کریں گے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حالت زار کو دنیا تک پہنچائیں۔
انہوں نے کہا کہ یورپ میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی مسئلہ کشمیر کے لیے کام کرے، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو سے صورتحال ابتر ہو چکی ہے۔ کرفیو سے کشمیر میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہوچکی ہے۔
اس سے قبل کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسعود خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے، عالمی برادری بھارت پر تجارتی و اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔
انہوں نے کہا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ میں 17 ستمبر کو کشمیر کی صورتحال پر بحث ہوگی، مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ میں بحث کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
مسعود خان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی میڈیا نے بھارتی کرتوتوں کی قلعی کھول دی، جنگ شروع نہیں ہوگی بلکہ شروع ہوچکی ہے۔