سیہون: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ہمیشہ ایک اکائی رہے گا، کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کرکے دکھائیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کی تقسیم پر پیپلزپارٹی کا موقف واضح ہے، بلاول بھٹو نے سندھ کی تقسیم سے متعلق سخت بیان دیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ تقسیم کی باتیں خرنے والے آج معافیاں مانگتے پھر رہے ہیں، کسی میں ہمت ہے تو سندھ تقسیم کرکے دکھائے، تین چار ماہ پہلے میں نے ان کے بھیانک چہروں سے پردہ اٹھادیا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ہٹانے کا مسئلہ پی ٹی آئی کا اپنا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ روز میرپورخاص میں بہت بڑی کوتاہی ہوئی ہے، جس کی غلطی ہوگی اس کو سزا ملے گی، واقعے پر افسوس ہوا اور نوٹس بھی لیا ہے، واقعے میں جو ملوث ہوا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔
مزید پڑھیں: میرپورخاص، بچی کی لاش موٹر سائیکل پر لے جاتے ہوئے حادثہ، والد اور چچا بھی جاں بحق
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام کی خدمت میں یہ ایمبولینسز کتنا استعمال ہوتی ہیں، ریکارڈ پیش کیا جائے، مجھے بتایا جائے کس اسپتال میں کتنی ایمبولینس ہیں، اگر محکمہ صحت میرپورخاص کا عملہ ملوث نکلا تو معاف نہیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے صوبہ بھر کی تمام اسپتالوں کی ایمبولینس سروس کی تفصیلات بھی سیکریٹری صحت سے مانگ لیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز میرپورخاص میں ایمبولینس کی جانب سے مبینہ طور پر 2 ہزار روپے طلب کرنے پر باپ بچی کی لاش کو موٹر سائیکل پر لے جارہا تھا کہ حادثے پیش آیا جس کے نتیجے میں والد اور چچا بھی جاں بحق ہوگئے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز اسلم راجپوت کا کہنا تھا کہ ایمبولینس ڈرائیور کی جانب سے مبینہ طور پر 2 ہزار روپے طلب کیے گئے جس پر والد بیٹی کی لاش موٹر سائیکل پر رکھ کر کھپرو لے جارہا تھا۔