اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے اسپتال قبرستانوں میں تبدیل ہوگئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں محاصرے کا 45واں دن ہے، بھارت نے کشمیر کو آج تک قید میں رکھا ہوا ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بازار ویران اور سنسان ہیں، مقبوضہ وادی میں کشمیری گھروں میں محصور ہیں، بھارت نے عالمی قوانین اور اپنے آئین کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خوردونوش، ادویات ختم ہوچکی ہیں۔
مزید پڑھیں: بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے: صدر آزاد کشمیر
واضح رہے کہ چند روز قبل مسعود خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے، عالمی برادری بھارت پر تجارتی و اقتصادی پابندیاں عائد کرے۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ میں 17 ستمبر کو کشمیر کی صورتحال پر بحث ہوگی، مسئلہ کشمیر پر یورپی پارلیمنٹ میں بحث کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں، بھارت کے خلاف تجارتی اور سفری پابندیاں عائد کی جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے تجارتی تعلقات کو انسانی حقوق سے مشروط کیا جائے، بھارت پاکستان کے خلاف جوہری ہتھیار کے استعمال کی دھمکی دے رہا ہے۔