کراچی : وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کی موجودہ حالت کے ذمہ دار وزیراعلیٰ سندھ ہیں، وفاق سے حق مانگنے والے شہری حکومت کو حقوق نہیں دے رہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ایکسپو سینٹر میں19ویں آئی ٹی سی این ایشیا ایکسپو کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا امن کراچی کی خوشحالی سے منسلک ہے، کراچی ملک کو چلاتا ہے مگرصوبے کو95 اور ملک کو60 فیصد ریونیو دینے والے شہر کو پانچ فیصد بھی نہیں ملتا، صوبائی حکومت وفاق سے اپنے حقوق تو مانگتی ہے لیکن شہری حکومت کو حقوق نہیں دے رہی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی واحد شہر ہے جہاں کچرا اٹھانے کا اختیار بھی مئیر کراچی کے پاس نہیں ہے، اسی لیے شہر قائد کی بدترین صورتحال کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ہیں۔
آئی ٹی سی این نمائش کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کی بہت بڑی لہر ٹیکنالوجی کے ذریعے آنے والی ہے، پچھلی حکومتوں نے آئی ٹی کے حوالے سے بڑے بڑے دعوے کئے تھے مگر کیا کچھ نہیں۔
پاکستان میں آئی ٹی کی انڈسٹری اس وقت کہاں کھڑی ہے ؟پاکستان پڑوسی ممالک سے مقابلہ نہیں کر پارہا لیکن ہم مسئلے کا حل نکال رہے ہیں۔