کراچی :وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پوری صفائی کا کام دستاویزی طریقے سے کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کچرے کے ہر ڈمپر کی تصویر بنائیں، پھر صفائی کا فوٹو اور ویڈیو بنائیں اور جیسے ہی صفائی مکمل ہو کچرا کنڈیاں بھی بنائی جائیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت شہر کی صفائی سے متعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہرڈی سی کو50 ملین روپے کے فنڈزجاری ہوچکے ہیں، فنڈز ڈمپرز، شوریلز ودیگر مشنیری، مزدوروں کو ادائیگی کیلئے دیئے گئے ہیں، کچرا اٹھانے کا کام شروع کرنے کیلئے مکمل تیاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہم نے اس شہر کی تعمیر نو کی ، صفائی بھی ہم ہی کریں گے، جام چاکرو اور گوند پاس پر ترازو موجود ہیں ، ہر ضلع کا ریکارڈ الگ الگ رکھا جائے کس نے کتنا کچرا بھیجا، ہمیں سائنٹیفک طریقے سے کام کرنا ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہر ضلع صاف کرکے ڈی ایم سی کے حوالے کرنا ہے ، ڈیم ایم سی کو چاہیے پھر صفائی کو برقرار رکھیں، ڈی ایم سیز کو بھی ساتھ رکھیں اور پوری صفائی کا کام دستاویزی طریقے سے کریں۔
مزید پڑھیں : وزیراعلیٰ سندھ کا 21ستمبر سے کراچی میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان
انھوں نے کہا ہر کچرے کے ڈمپر کی تصویر بنائیں ،پھر صفائی کا فوٹو،ویڈیو بنائیں، میں خود اس کی مانیٹرنگ بھی کروں گا، میں خود کل صفائی کے کام کا دورہ کروں گا۔
ڈی ایم سی سینٹرل نے بتایا 152ٹرالی، 51 ٹریکٹرز،24ڈمپرز، 6 لوڈرز اور500 مزدور درکار ہیں، ہر ڈمپر پر ڈسٹرکٹ کا نام اور نمبر ہونا چاہئے جبکہ ڈی ایم سی ایسٹ کا کہنا تھا کہ 30 ڈمپرز، 6 بلیڈ ٹریکٹرز، 5 ایسیویٹور اور 75 مزدور چاہئیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا خود کل تمام اضلاع میں کچرے کی لفٹنگ کا کام دیکھوں گا اور ہدایت کی جیسے ہی صفائی مکمل ہو کچرا کنڈیاں بھی بنائی جائیں۔
مراد علی شاہ نے فیصلہ کیا کہ ہر ضلع کی صفائی مانیٹرنگ 2 وزرا کے حوالے کی جائے گی اور کمشنر کو ہدایت کی کہ سڑک پر کچرا پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے، صفائی مہم کیلئے پولیس، رینجرز کو سیکیورٹی کیلئے درخواست کروں گا۔
خیال رہےوزیراعلیٰ سندھ نے 21 ستمبر سے کراچی میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور علی زیدی سے درخواست کی کہ اپنی صفائی مہم بند کردیں۔