اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تفصیلات جاری کردی گئیں، وزیراعظم عمران خان یواین جنرل اسمبلی میں پاکستانی وفدکی قیادت کریں گے.
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان 21 سے 27 ستمبر تک جنرل اسمبلی میں شرکت کریں گے، اس دوران وہ مختلف ممالک کےاعلیٰ حکام سےملاقاتیں کریں گے.
وزیرخارجہ بھی جنرل اسمبلی میں شرکت اورہم منصبوں سےملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم موسمیاتی تبدیلی، ترقی، صحت پرسربراہان اجلاسوں میں شریک ہوں گے، ساتھ ہی سرمایہ کاری پرسربراہان اجلاس میں شرکت کریں گے.
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نفرت انگیزبیانیے کے خلاف پاک ترک کانفرنس کی میزبانی کریں گے، ماحولیاتی تحفظ پرپاک ملائیشیا کانفرنس سے خطاب کریں گے، امریکامیں پاکستان، ملائیشیا اور ترکی کی سہ فریقی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی.
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا مقبوضہ کشمیر پر بیان واضح اور قابل تعریف ہے، ایلس ویلز
وزیراعظم عمران خان عالمی میڈیا اور ادارتی بورڈ کےارکان سے بھی ملیں گے، امریکا میں بڑے تھنک ٹینکس سے خطاب، انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے.
عمران خان 27 ستمبرکو یو این جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، اس موقع پر وہ مسئلہ کشمیرکی صورت حال پرپاکستان کامؤقف پیش کریں اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی بدترین صورتحال پراظہارخیال کریں گے.