لاہور : پنجاب یونیورسٹی کے استاد نے اپنے شاگردوں کو بھی نہ بخشا، تھیسز کے نام پر ہزاروں روپے کی اضافی رقم بٹور لی، طلباء کی جانب سے لیکچرار کیخلاف درخواست پر یونورسٹی انتظامیہ نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے استاد کا طلبا سے تھیسز کے نام پر زائد فیس لینے کا انکشاف ہوا ہے، ویب سائٹ کے ذریعے طلباء کے تھیسز کیلئے12ہزار روپے فیس وصول کیے گئے۔
اس حوالے سے ذرائع کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے لیکچرارکی جانب سے طلباء کو تھیسز ویب سائٹ پرجمع کرانے کاحکم دیا گیا تھا، طلباء کو12ہزار روپے چارجز بذریعہ کیش جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔
طلباء کا کہنا ہے کہ لیکچرار نے اپنی ویب سائٹ پر طلباء کو تھیسز اپ لوڈ کرنے کا حکم دیا ، ویب سائٹ پر تھیسز اپ لوڈ کرنے کے12ہزار روپے لئے جارہے ہیں، طلباء نے وائس چانسلر کو تھیسز کی زائد فیس وصولی کیخلاف درخواست جمع بھی کرادی ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ لیکچرار یو این پوسٹر مقابلوں میں فی طالب علم سے تین ہزار روپے کما چکے ہیں، لیکچرار نے مائی پراجیکٹ فولیو نامی ویب سائٹ بنائی، مذکورہ ویب سائٹ بھی ان ہی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
پنجاب یونیورسٹی فائن آرٹس کے77 طلبا نے لیکچرار کیخلاف وائس چانسلر کو تحریری درخواست بھی دی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کرکے لیکچرار کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔