کراچی: سندھ رینجرز نے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے نے مصدقہ اطلاع کی بنیاد پر گلشن معمار، ڈاکس، ماڑی پور، موچکو اور بلدیہ ٹاؤن کے علاقوں مین کارروائیاں کیں۔
حالیہ کارروائیوں کے نتیجے میں مختلف جرائم میں ملوث 9 افراد کو گرفتار کیا گیا، ترجمان رینجرز کے مطابق حراست میں لیے گئے ملزمان ڈکیتی، اسٹریٹ کرائمز کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں جن کے قبضے سے اسلحۃ ، مسروقہ سامان اور منشیات برآمد کی گئی۔
رینجرز نے مزید قانونی کارروائی کے لیے تمام ملزمان کو پولیس کے حوالے کردیا تاکہ باقاعدہ مقدمے کا اندراج کر کے انہیں عدالتوں سے سزا دلوائی جائے۔
یاد رہے کہ رینجرز کراچی میں جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرتی ہے، کراچی آپریشن کے بعد رینجرز کو خصوصی اختیارات بھی حاصل ہیں جن میں سندھ حکومت کی جانب سے توسیع کی جاتی ہے۔
یہ بھی یاد رہے کہ 20 ستمبر کو رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 7 ایسے ملزمان کو گرفتار کیا تھا جو اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتی اور منشیات فروشی کرتے تھے۔