اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ وزیراعظم جنرل اسمبلی میں کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کریں گے، عالمی سطح پر کشمیر کے لئے عمران خان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے وزیراعظم کے یو این خطاب اور کشمیر کی صورتحال پر بیان میں کہا کہ وزیراعظم کشمیر کا مقدمہ جنرل اسمبلی میں بھرپور انداز میں پیش کریں گے، عالمی برادری کےضمیرکوزندہ کرنےکی کوشش کریں گے، عالمی سطح پر کشمیر کے لئے عمران خان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔
اعجازشاہ کا کہنا تھا کہ امید ہے کشمیریوں کوان کا حق دلانے کی یہ کاوش رائیگاں نہیں جائے گی اور کشمیریوں کو آزاد فضا میں سانس لینے کا موقع مل سکے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کشمیر پاکستان شہ رگ ہے ،ان کا درد ہمارا درد ہے، کشمیریوں کو کسی بھی قیمت پر مایوس نہیں کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانچ اگست سے تقریباً 13ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا گیا، یہ انسانیت کی بھیانک حد تک تذلیل ہے، بھارتی افواج نہتے کشمیریوں کیخلاف نت نئے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔
مزید پڑھیں : مشن کشمیر، وزیراعظم عمران خان آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے
اعجازشاہ نے مزید کہا کہ اس موقع پر اقوام عالم کی بے حسی قابل افسوس ہے، مودی کے ہندو فاشسٹ ایجنڈے کو روکنے کے لئے دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
یاد رہے ملک بھرمیں آج مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم کشمیر منایا جارہا ہے، یوم کشمیر منانے کا مقصد مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم کو دنیا میں بے نقاب کرنا ہے۔
خیال رہے وزیر اعظم عمران خان آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کریں گے ، جس میں پوری دنیا کے سامنے کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے۔