منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

ہم جو پانی پی رہے ہیں وہ زہر ہے ، زرتاج گل

اشتہار

حیرت انگیز

فیصل آباد : وزیر مملکت زرتاج گل کا کہنا ہے پاکستان میں 70فیصد آبادی کو صاف پانی مہیا نہیں ، ہم جو پانی پی رہے ہیں وہ زہر ہے ، 73 سال کا گند دو منٹ میں صاف نہیں کر سکتے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر صنعت کاروں اور تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے کوئی قرض نہیں لیا، سابق حکومت کے لئے گئے قرضے سود سمیت ادا کرنے کے لئے ایسا اقدام کرنا پڑا ۔

وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کا کہنا تھا کہ سابق حکمرانوں نے قرضوں کی رقم اپنے گھر لے گئے جس سے انہوں نے مے فیئر فلیٹ اور دبئی ٹاور بنایا ۔

زرتاج گل نے کہا وزیراعظم عمران خان کے اثاثوں میں ایک سال میں ایک روپے کا اضافہ نہیں ہوا اور نہ ہی انہوں نے کوئی فیکٹری لگائی ہے، سابق حکمران تو پینے کا پانی اور خوراک بھی بیرون ملک سے منگواتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 70فیصد آبادی کو صاف پانی مہیا نہیں ، ہم جو پانی پی رہے ہیں وہ زہر ہے ، وفاق کے بعد پنجاب میں بھی پلاسٹک بیگ پر پابندی لگا دی جائے گی اور کپڑے کے بیگ متعارف کروائے جائیں گے۔

وزیر مملکت نے کہا وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جبکہ مولانا فضل الرحمان تو کشمیر کمیٹی کے نام پر چودہ لاکھ روپے کی لسی پی گئے، ہم اس ایشو پر آخری گولی اور آخری میدان تک لڑیں گے ۔

زرتاج گل کا کہنا تھا کہ آئندہ جہاں انڈسٹریل اسٹیٹ بنے گی وہاں رہائشی کالونی کا این او سی نہیں دیا جائے گا ، گلوبل وارمنگ میں پاکستان دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے جبکہ کراچی اور فیصل آباد آلودہ ترین شہر بن چکے ہیں، ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ نہ لگانے والے صنعت کاروں کے خلاف ایکشن لینا ہو گا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں