کراچی: شہر قائد میں رہنے والے شہریوں کے لیے سندھ کی صوبائی حکومت نے قبرستان کے لیے زمین مختص کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیاگیا شہر کے مختلف علاقوں میں قبرستان بنانے کے لیے زمین مختص کی جائے ۔
کراچی شہر کے حوالے سے منعقدہ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں کمشنر کراچی افتخار احمد شلوانی ، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، کےڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بدر جمیل، بورڈ آف ریونیو کے ممبر تمیز الدین کھیڑو اور تمام ڈپٹی کمشنر شریک تھے۔
اس موقع پر میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ کراچی میں 203 قبرستان کےایم سی کےزیرانتظام ہیں،آبادی میں بے تحاشہ اضافے کے سبب قبرستان کے لیے یہ جگہیں ناکافی ہیں۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری سندھ نے بورڈ آف ریونیو کے ممبر کو ہدایت کی کہ گڈاپ میں 300 ایکڑ زمین قبرستان کے لیے مختص کی جائے، بن قاسم میں200ایکڑ زمین مختص کی جائے، ضلع ویسٹ میں 200 ایکڑ اور ایسٹ میں 100 ایکڑزمین مختص کرنے تجویز دی گئی ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ کراچی میں قبرستانو ں کے لیے زمین مختص کرنےکی سمری سندھ کی صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کی جائے گی اور وہاں سے منظوری کے بعد ہی قبرستانوں کے لیے جگہ مختص کی جاسکے گی۔
یاد رہے کہ کراچی میں قبرستانوں کے لیے جگہ مختص کئی دہائیاں بیت چکی ہیں اور اس عرصے میں شہر کی آبادی میں کئی سو فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ شہر کے اندر موجود بیشتر قبرستانوں میں جگہ پر ہوچکی ہے اور حکومت کی جانب سے ’ تدفین ممنوع ہے ‘ کے بورڈ بھی نصب کیے گئے ہیں۔ تاہم قبرستانوں میں جگہ کی قلت کے سبب شہری گورکنوں سے منہ مانگے داموں پر انہی قبرستانوں میں قبر غیر قانونی طور پر خریدنے کے لیے مجبور ہیں۔