کابل : جنگ زدہ ملک افغانستان میں جاری صدارتی انتخابات کے دوران قندھار میں پولیس اسٹیشن پر دھماکے کے نتیجے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق برسوں سے خانہ جنگی اور عالمی طاقتوں کے لیے میدان جنگ بننے والے ملک افغانستان میں آج صدارتی انتخابات کےلیے پولنگ کا عمل جاری ہے،پولنگ کے دوران افغان طالبان کے شدید حملوں کا خطرہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پولنگ کا عمل شروع ہونے کے کچھ دیر بعد ہی افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں پولنگ اسٹیشن پر زور دار دھماکا ہوا جس کےنتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام اور طبی سہولیات فراہم کرنے والے عملے کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ابھی تک کسی بھی دہشت گرد گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم تحریک طالبان افغانستان نے انتخابات کو روکنے کےلیے شدید حملوں کی دھمکیاں دی تھیں۔
صدارتی انتخابات قبل طالبان نے افغانستان میں پولنگ کے دن حملے کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ عوام انتخابات کے دن گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
افغان طالبان نے اپنے پیغام میں پولنگ اسٹیشنز پر تعینات پولیس اہلکاروں کو خاص طور پر نشانہ بنانے کی دھمکی دی تھی۔
خیال رہے افغانستان کے صدارتی انتخابات میں اٹھارہ امیدوارمیدان میں ہیں تاہم موجودہ صدراشرف غنی اورافغان چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔