جامشورو: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کی تائید کر دی، کہا پیپلز پارٹی کا بھی وہی مطالبہ ہے جو مولانا کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حکومت نے عام شہری کی زندگی اجیرن کر دی ہے، ملک میں اصل احتساب کی سخت ضرورت ہے، عوام کی مدد سے حکومت کو گھر بھیجیں گے۔
انھوں نے کہا کشمیری بہن بھائیوں پر تاریخی حملہ ہوا ہے، بھارت نے کشمیر کو 55 دن سے جیل بنا رکھا ہے، وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی میں پوری تقریر کشمیر پر ہونی چاہیے تھی، ان کو انسانی حقوق کا مسئلہ اٹھانا چاہیے تھا۔
بلاول کا کہنا تھا بھٹو کا موازنہ عمران خان سے کیا جا رہا ہے، کاش وزیر اعظم عمران خان، شہید بھٹو ذوالفقار علی کی طرح ہوتے، ہماری عوامی رابطہ مہم آگے بڑھتی رہے گی، سندھ میں ایک دو احتجاجی جلسے کروں گا، پاکستان کے ہر شہر ہر گاؤں میں جا کر اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھوں گا۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان
پی پی چیئرمین نے کہا مولانا فضل الرحمان وہی مطالبہ کر رہے ہیں جو پیپلز پارٹی کر رہی ہے، مسائل کے حل کے لیے قومی اتحاد کی ضرورت ہوگی۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے واضح طور پر مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا اسلام آباد احتجاج کا فیصلہ مولانا کا اپنا ہے، چاہے کسی کا بھی دھرنا رہا ہو ہم خود شریک نہیں رہے، مولانا صاحب کے دھرنے میں ہماری مورل سپورٹ ہوگی۔