جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

حکومت کا ڈینگی پھیلاؤ کی تحقیقات عالمی اداروں سے کرانے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے ملک بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی تحقیقات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ڈینگی پھیلاؤ کی تحقیقات عالمی اداروں سے کرائی جائیں گی۔

ذرایع کے مطابق حکومت ڈینگی پھیلنے کی تحقیقات کے لیے جلد عالمی اداروں سے رابطہ کرے گی، اس سلسلے میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او)، سی ڈی سی امریکا، سری لنکا سے رابطہ کیا جائے گا۔

[bs-quote quote=”کراچی میں ڈینگی کے مزید 103 کیسز سامنے آ گئے۔” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]

- Advertisement -

ذرایع وزارتِ قومی صحت کا کہنا ہے عالمی ماہرین پاکستان کے صوبوں اور آزاد کشمیر کا دورہ کریں گے، اور اس دوران پاکستان میں ڈینگی لاروا اور وائرس پر تحقیق کریں گے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی پھیلاؤ کی وجوہ تلاش کی جائیں گی۔

ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی لاروا مقامی نہیں ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے ڈینگی وائرس پر عالمی ماہرین سے تحقیقات کی منظوری دے دی ہے۔ خیال رہے کہ رواں سال ملک میں ڈینگی کے 16 ہزار سے زاید کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ راولپنڈی، اسلام آباد میں 6 ہزار سے زاید ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ میں ایڈز کے پھیلاؤ کی تحقیقات بھی عالمی اداروں سے کروائی جا چکی ہے۔

دریں اثنا، ملک بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ مسلسل جاری ہے، سرویلنس سیل کے مطابق کراچی میں ڈینگی کے مزید 103 کیسز سامنے آ گئے ہیں، رواں ماہ کراچی میں ڈینگی کیسز کی تعداد 1618 ہو گئی ہے، سندھ بھر میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 3120 ہو گئی، سندھ کے دیگر اضلاع میں آج ڈینگی کے 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ رواں سال ڈینگی وائرس سے سندھ میں 11 اموات ہوئیں۔

اسلام آباد میں بھی ڈینگی وائرس کے وار جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 596 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی، وفاقی سرکاری اسپتالوں میں 526 افراد میں جب کہ نجی اسپتالوں میں 70 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ ذرایع کے مطابق پولی کلینک 307، پمز میں 162، ایف جی ایچ 53، سی ڈی اے میں 4 افراد میں ڈینگی کی تصدیق کی گئی۔ 24 گھنٹوں میں پولی کلینک میں زیر علاج ایک مریض جاں بحق ہوا۔

ادھر ملتان کے نشتر اسپتال میں ڈینگی وائرس میں مبتلا مزید 10 مریض داخل کیے گئے، نشتر اسپتال آئسولیشن وارڈ میں 28 مریض زیر علاج ہیں، محکمہ صحت کا کہنا ہے زیر علاج مریضوں میں 18 میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ مزید لائے گئے 10 مریضوں کے ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

لاہور اور راولپنڈی میں بارش کے بعد ڈینگی کی بگڑتی صورت حال میں مزید شدت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، بارش کے بعد کے حالات سے نمٹنے کے لیے سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے کمشنر لاہور اور راولپنڈی کو خط لکھ کر ہدایت کی ہے کہ بارش کے بعد پانی کھڑا نہ ہونے دیں ورنہ ڈینگی مچھر کی افزایش کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا نے آج میڈیا سے گفتگو میں کہا پوٹھوہار میں روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کی صورت حال مانیٹر کی جا رہی ہے، متاثرہ علاقوں میں اسپرے کیا جا رہا ہے، آیندہ 24 گھنٹوں میں انسداد ڈینگی مہم میں مزید تیزی لائیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں