لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن نے چیئرمین استحقاق کمیٹی کو احتجاجی مراسلہ ارسال کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حمزہ شہباز اور خواجہ سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ استحقاق کمیٹی کے رکن خواجہ سلمان رفیق نیب حراست میں ہیں، ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے جا رہے ہیں۔
مراسلے میں مزید کہا گیا کہ پہلے کمیٹی کے اجلاسوں میں علیم خان اور خواجہ سلمان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوئے، تاہم 30 ستمبر اور یکم اکتوبر اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے گئے۔
تازہ ترین: بلاول اور شہباز ملاقات ، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق
یاد رہے کہ خواجہ سلمان رفیق پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں عوام کو دھوکا دے کر اربوں روپے بٹورنے کے الزام میں نیب کی حراست میں ہیں جب کہ حمزہ شہباز آمدن سے زاید اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس زیر حراست ہیں۔
یاد رہے ایک ہفتے قبل لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف خاندان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے والے ملزمان شاہد رفیق اور آفتاب محمود کی ضمانتیں منظور کر لی ہیں، عدالت نے ملزمان کو 10 ، 10 لاکھ کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔
ضمانت کی درخواست میں کہا گیا کہ انھوں نے حمزہ شہباز سمیت دیگر کی منی لانڈرنگ میں سہولت کار کا کردار ادا کیا، عثمان انٹرنیشنل نامی کمپنی سے رقوم شریف خاندان کے اراکین کو منتقل کیں، برطانیہ سمیت کئی ممالک کے جعلی افراد کے نام پر کالا دھن سفید کیا۔
واضح رہے کہ 13 ستمبر کو بھی لیگی رکن راحت افزا نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کے مطالبے کی قرارداد جمع کرائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ پروڈکشن آرڈر کا اجرا گرفتار ارکان اسمبلی کا آئینی و قانونی حق ہے، پنجاب اسمبلی نے متفقہ طور پر پروڈکشن آرڈر کا قانون منظور کیا تھا، ا سپیکر گرفتار ارکان اسمبلی کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں۔