بیجنگ:چین میں کمیونسٹ پارٹی کی حکمرانی کے 70 ویں برس مکمل ہونے پر بیجنگ میں فوجی پریڈ ہوئی، جس میں عسکری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق چینی قومی دن پر پریڈ کے دوران رنگا رنگ فلوٹس بھی لائے گئے، چینی صدر شی جن پنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت چینی قوم کی بنیادوں کو ہلا نہیں سکتی، ملکی ترقی اور استحکام اولین ترجیح ہے، کوئی طاقت چینی قوم کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔
چین میں کمیونسٹ پارٹی کی حکمرانی کے 70 برس مکمل ہونے کے موقع پر ملک بھر میں وسیع تر تقریبات کا انعقاد کیا گیا ، اس موقع پر دارالحکومت بیجنگ میں ایک بہت بڑی فوجی پریڈ کا اہتمام بھی کیا گیاتھا جس میں جدید ترین چینی ہتھیاروں کی نمائش کی گئی ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہزاروں شائقین اس پریڈ کو دیکھنے کے لیے موجود تھے اس ملٹری پریڈ میں پندرہ ہزار فوجی اور 160 سے زائد طیاروں نے حصہ لیا ۔
قومی دن کے موقع پر شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہی، تیانمن اسکوائر کے ارد گرد کی سڑکیں بند کردی گئی تھی جبکہ شہر میں ڈرون کے ساتھ ساتھ کبوتر اور پتنگیں اڑانے پر بھی پابندی عائد کی گئی تھی۔
چینی حکام کی خواہش تھی کہ اس بار شاندار فوجی پریڈ کو پورا چین اپنی ٹی وی اسکرین پر دیکھے اور اس کے لیے انتہائی غریب گھرانوں میں 6 لاکھ سے زائد ٹی وی تقسیم کیے گئے۔
واضح رہے کہ بیجنگ میں گزشتہ ماہ سے سیکیورٹی اہلکاروں کی پریڈ کی ریہرسل جاری تھی۔
ایک طرف پریڈ کی بھرپور تیاریاں جاری تھی تو دوسری طرف حکومت کو یہ احساس ہوا کہ اگر اس منظر سے خود چینی عوام محروم رہے تو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔