کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کراچی میں دنیا کے دیگر شہروں کی نسبت جرائم کی شرح بہت کم ہے، امریکا اپنے شہریوں کے لیے جاری کردہ ٹریول ایڈوائزری پر نظر ثانی کرے۔
تفصیلات کے مطابق آج کراچی میں گورنر سندھ سے امریکی قونصل جنرل نے وفد کے ہم راہ ملاقات کی، وفد میں یو ایس کانگریس مین اور ممبر ہاؤس پرمیننٹ سلیکٹ کمیٹی شریک تھے۔
ملاقات میں مسئلہ کشمیر، افغان امن عمل سمیت باہمی دل چسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، امریکی وفد نے وزیر اعظم عمران خان کے جنرل اسمبلی میں خطاب کو سراہا، وفد نے کہا کہ پاک امریکا تعلقات میں بہتری آنا خوش آیند امر ہے۔
تازہ ترین: وزیر داخلہ سے برطانوی وفد کی ملاقات، پاکستان کو ویزا سہولت میں خود مختار کریں گے: وفد
گورنر سندھ نے امریکی وفد سے کہا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، پاکستان کی مصنوعات کی امریکن مارکیٹس میں رسائی آسان بنائی جائے، پاکستانیوں کے لیے بھی بزنس ویزے کا حصول آسان بنایا جائے۔
انھوں نے وفد کو بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز سے پیش کیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز گورنر سندھ نے مولانا تنویر الحق تھانوی سے ملاقات میں کہا تھا کہ وزیر اعظم نے امریکا میں بیٹھ کر بھی کہا دین اسلام میرے بنی ﷺ کا ہے۔