راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معیشت کے ساتھ ہے، ملک میں داخلی سیکیورٹی کی بہتر صورتحال کے اقتصادی سرگرمیوں پرمثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ معیشت اورسیکیورٹی کے موضوع پرآرمی آڈیٹوریم میں اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے اجلاس کی میزبانی کی، حکومتی اقتصادی ٹیم اور معروف تاجر رہنما اجلاس میں شریک تھے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں داخلی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تاجربرادری کے حکومتی اقتصادی ٹیم سے رابطے اور جوابدہی خوش آئند ہے اور نجی وسرکاری اداروں میں بڑھتے ہوئے روابط قابل ستائش اقدام ہیں۔
“National security is intimately linked to eco while prosperity is function of balance in security needs & economic growth. Aim of various discussions and seminars was to bring stake holders at one platform to formulate recommendations for a synergistic way forward”, COAS. (2of2) pic.twitter.com/IvV70ZZKo9
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) October 3, 2019
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معیشت کے ساتھ ہے، ان مباحثوں کا مقصد تمام فریقین کو پلیٹ فارم مہیا کرناہے، پلیٹ فارم کی تجاویز سے مربوط حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں اقتصادی ٹیم نے تاجر برادری کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا معیشت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں، تاجر برادری کا کہنا تھا کہ کاروباری ماحول میں بہتری کیلئے کئی اقدامات ضروری ہیں، تاجر اپنے ذمے ٹیکس پوری ذمہ داری سے ادا کررہے ہیں۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشترکہ فورم پر مثبت سفارشات دینے پر شرکا سے اظہار تشکر کیا۔