فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں سفاک بیٹے نے پسند کی شادی کی اجازت نہ دینے پر ماں کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں سفاک بیٹے نے پسند کی شادی کی اجازت نہ دینے پرماں کو گلا دبا کر قتل کردیا، تھانہ غلام محمد آباد پولیس نے ملزم وارث کو گرفتار کرلیا۔
[bs-quote quote=”ملزم اپنے بھائی کی سالی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا” style=”style-8″ align=”left”][/bs-quote]
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق غلام محمد آباد کے کشمیر روڈ کا رہائشی محمد وارث اپنے بھائی وقاص کی سالی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا۔
ملزم وارث کی والدہ 60 سالہ ثریا اس رشتے کی مخالف تھیں، جمعہ کی رات بھی اسی مسئلے پر جھگڑے کے بعد مشتعل ہوکر ملزم وارث نے اپنی والدہ ثریا کا گلا دبادیا جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگئیں۔
ملزم والدہ کو قتل کرنے کے بعد گھر سے فرار ہوگیا تھا، پولیس نے اس کے رشتے دار کے گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ملزم وارث کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، مقتولہ ثریا کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے الائیڈ اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں لاہور میں سفاک بیٹے نے ماں اور بہن کو تیز دھار آلے سے وار کرکے قتل کردیا تھا۔