مظفرآباد: وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ امریکا اور اقوام عالم مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کریں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاکشمیر سے امریکی سینیٹرز کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، امریکی وفد کو مقبوضہ کشمیر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم ازاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دو ممالک کے درمیان تنازع نہیں ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستان نے کبھی کشمیر کو زمینی مسئلہ نہیں سمجھا ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل پر زور دیا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکی کانگریس کے وفد کا آزاد کشمیر کا دورہ، مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے اور 80 لاکھ لوگوں خو محصور رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی ارکان سینیٹ کرس وان ہولین، میگی حسن نے مظفرآباد کا دورہ کیا، دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ناظم الامور پال جونز بھی کانگریس کے وفد کے ہمراہ تھے، امریکی وفد کے دورے کا مقصد آزاد کشمیر کی صورت حال کا جائزہ لینا تھا۔
امریکی سینیٹرز نے مطالبہ کیا کہ بھارت فوری کرفیو ختم کرکے تمام قیدیوں کو رہا کرے، مسئلہ کشمیر کے مستقل دیرپا حل کے لیے کوششیں کرنی چاہئے۔