بیجنگ: وزیراعظم عمران خان سے چائنہ گیژوبہ گروپ کے چیئرمین نے ملاقات کی، ملاقات میں چائنہ گیژوبہ گروپ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں تعاون پر آمادگی کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے چائنہ گیژوبہ گروپ کے چیئرمین نے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سمیت دیگر افراد بھی ملاقات میں شریک تھے۔
چائنہ گیژوبہ گروپ چائنہ انرجی انجینئرنگ گروپ کا اہم ممبر ہے، گروپ 100سے زائد ممالک کے ساتھ توانائی معاہدوں پرکام کر رہا ہے۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں چائنہ گیژوبہ گروپ نے پاکستان میں توانائی کے شعبے میں تعاون پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں توانائی کے نئے ذخائر کی دریافت پر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم تین روزہ دورے پر چین پہنچ گئے
وزیراعظم عمران خان کی چین کے دورے کے دوران معیشت اور اقتصادیات کے ساتھ مسئلہ کشمیر بھی زیربحث آئے گا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ چین میں ایم ایل ون کا بھی فیصلہ ہوگا، معیشت سے متعلق اہم فیصلے ممکن ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی آرمی چیف کے ہمراہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ سے اہم ملاقاتیں ہوں گی، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت پر وزیراعظم چین کی قیادت کا شکریہ ادا کریں گے۔