اشتہار

چاہتے ہیں چینی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور منافع حاصل کریں: وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم چاہتے ہیں چینی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور منافع حاصل کریں، کاش میں چینی صدر کی طرح 500 سیاسی شخصیات کو جیل بھیج سکتا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور چین میں تجارت اور سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے اپنی غلطیوں سے سبق سیکھا، ہم بھی سیکھ رہے ہیں۔ چین نے 7 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نکالا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین کے غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات سے متاثر ہوا، ایک زمانہ تھا جب پاکستان بھی ترقی کی طرف گامزن تھا۔ چین کے کرپشن کے خلاف اقدامات انتہائی متاثر کن ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ چین نے 400 کے قریب وزرا کی سطح پر لوگوں کو جیل بھیجا، چینی صدر کے اقدامات سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ آنے کی بڑی وجہ کرپشن ہے۔ کاش میں چینی صدر کی تقلید کرتے ہوئے 500 سیاسی شخصیات کو جیل بھیج سکتا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلے چین نے پاکستان سے سیکھا اب پاکستان چین سے سیکھ رہا ہے، کرپشن ملکوں کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ پاکستان میں کرپشن پر قابو پانے میں کچھ وقت لگے گا۔ 60 کی دہائی کے بعد پہلی پاکستانی حکومت ہے جو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاروں کو منافع ملے۔ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولتیں وزیر اعظم ہاؤس سے شروع کیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک پر عملدر آمد کے لیے اتھارٹی قائم کردی گئی ہے، گوادر فری زون بننے کے قریب ہے، گوادر ایئرپورٹ بھی مکمل ہے۔ دنیا میں پاکستان کی جغرافیائی حیثیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ہم چاہتے ہیں چینی سرمایہ کار پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔ مینو فیکچرنگ، ٹیکسٹائل اور آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاحت کے لیے بہترین مقامات موجود ہیں، پاکستان میں 5 سال میں 50 لاکھ گھر بنانے کا ارادہ ہے۔ ہاؤسنگ سیکٹر میں بھی چینی سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہیں گے۔ پچھلی حکومتوں میں مثبت ماحول نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری نہ ہو سکی۔ چینی سرمایہ کاروں اور شہریوں کے لیے خصوصی سیکیورٹی فورس تشکیل دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام بڑے اور اہم شہر فضائی ٹریفک سے منسلک ہیں، آج پاکستان ترقی کے ایسے موڑ پر کھڑا ہے جیسے 1978 میں چین تھا۔ یقین دلاتا ہوں بڑے سرمایہ کاروں کو وزیر اعظم ہاؤس ڈیل کرے گا، ترقی کے لیے میرٹ کی پالیسی اپنانا ہوگی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں