اسلام آباد: حکومت مخالف تحریک کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے حوالے سے بلائے گئے آج اپوزیشن کے رہبر کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کو مزید وقت نہیں دیا جائے گا، حکومت پارلیمنٹ کو مسلسل نظر انداز کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل رہبر کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کے بعد کمیٹی کے رہنماؤں نے نیوز کانفرنس کی، اکرم خان درانی نے کہا کہ حکومت کو مزید وقت نہیں دیا جائے گا، آج بھی اجلاس میں یہی فیصلہ ہوا کہ حکومت کو گرانا ہے۔
اکرم درانی کا کہنا تھا ہم یہ چاہتے ہیں وزیر اعظم عمران خان فوری مستعفی ہوں، فوج کی مداخلت کے بغیر نئے طریقے سے الیکشن کرائے جائیں۔
تازہ ترین: مولانا فضل الرحمان کے حکومت مخالف آزادی مارچ کیخلاف درخواست پر سماعت کل ہوگی
جے یو آئی ف کے رہنما نے کہا موجودہ حکومت نے ملکی خزانے کو خالی کر دیا ہے، مزدور طبقہ بے روزگار، معاشی صورت حال بگڑتی جا رہی ہے، کے پی میں ڈاکٹرز نے 10 نوں سے ہڑتال کی ہوئی ہے، جب بھی اسمبلی جاتا ہوں باہر کوئی نہ کوئی ہڑتال کی ہوئی ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا مولانا فضل الرحمان سب سے پرانے سیاست دان ہیں، ہم پر امن لوگ ہیں اور پر امن طریقے سے آزادی مارچ کرنا چاہتے ہیں، ہم چاہتے ہیں تمام اقدامات جمہوری طریقے سے انجام کو پہنچائیں، یقین دلاتے ہیں اپوزیشن متحد ہے اور حکومت کو ختم کرنا ہے۔