اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نوکریوں کی فراہمی سے متعلق نیوز سرخیوں پر حیرت کا اظہار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حیران ہوں ہر بیان کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے، حکومت نوکریوں کے لیے صرف ماحول بناتی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا ’میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں۔‘
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا سرکاری نوکری ڈھونڈنا ممکن نہیں ہے، ملک میں معیشت بہتر ہو تو نجی شعبہ نوکریاں فراہم کرتا ہے اور ملک میں بے روزگاری میں کمی آتی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ وفاق کے تحت 4 سو ادارے ختم کرنے جا رہے ہیں، عوام نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہ دیکھیں، نوکریاں دیں گے تو ملکی معیشت بیٹھ جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا چھوٹی صنعتوں کو ٹیکس مراعات دینے پر غور
ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ پیش کیا گیا، انھوں نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ ہر بیان کے ساتھ یہی کیا جاتا ہے، نیوز سرخیاں سیاق و سباق سے ہٹ کر بنا دی جاتی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ ملازمتوں اور کاروبار کے مواقع بڑھیں۔
اس سلسلے میں حکومت نے چھوٹی صنعتوں اور تعمیراتی شعبے کے فروغ اور بحالی پر غور شروع کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان رواں ہفتے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مکمل ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر چکے ہیں۔