ابوظبی: متحدہ عرب امارات نے گاڑیوں کی پارکنگ کے حوالے سے نئی پالیسی متعارف کرادی جس کا براہ راست فائدہ اسکول ملازمین کو پہنچے گا۔
خلیج ٹائمز میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز محکمہ ٹرانسپورٹ اور محکمہ تعلیم کا معاہدہ طے پایا جس کے بعد پارکنگ کی نئی پالیسی کا اعلان کیا گیا۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’’سرکاری اسکولوں میں کام کرنے والے اساتذہ اور دیگر ملازمین کو اسکول کی حدود میں فری پارکنگ کی اجازت ہوگی اور انہیں باقاعدہ پاسز بھی جاری کیے جائیں گے‘‘۔
معاہدے کا اطلاق رواں تعلیمی سال پر ہوگا اور مدت ختم ہونے کے بعد اس میں توثیق کی جائے گی۔ محکمہ تعلیم نے تمام سرکاری اسکولوں کو مراسلہ جاری کیا کہ وہ نئے معاہدے کی روشنی میں اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق سرکاری اسکولوں کو سہولت حاصل کرنے کے لیے درخواست کے ساتھ پانچ ڈاکومینٹس پیش کرنا ہوں گے، جن میں ادارے کا تصدیق نامہ، اساتذہ اور ملازمین کی فہرست، گاڑیوں کے کاغذات اور ڈائیونگ لائسنس کی کاپی، ادارے کا کارڈ اور شناختی کارڈ کی کاپی شامل ہیں۔