کراچی: شہر قائد میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ڈھائی ہزار سے تجاوز کرگئی، گزشتہ 24 گھنٹے میں سندھ کے بقیہ شہروں میں بھی ڈینگی کے مزید 190 کیسز سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رواں ماہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد ڈھائی ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق اکتوبر میں 2 ہزار 509 افراد ڈینگی کا نشانہ بنے۔
سرویلنس سیل کے مطابق رواں سال صرف کراچی میں 5 ہزار 552 جبکہ مجموعی طور پر سندھ میں 5 ہزار 912 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں سندھ میں بھی ڈینگی کے مزید 190 کیسز سامنے آگئے۔
ڈینگی سرویلنس سیل کے مطابق سندھ میں ڈینگی سے اموات کی تعداد 18 ہوچکی ہے۔
چند روز قبل وزارت صحت کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں ڈینگی کیسز کی کل تعداد 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 8 ہزار 245 کیس سامنے آئے۔ پنجاب میں 6 ہزار 629، سندھ میں 5 ہزار 109، پختنوخواہ میں 5 ہزار 229، قبائلی اضلاع میں 463، بلوچستان میں 2 ہزار 776 اور آزاد کشمیر میں 13 سو 38 ڈینگی کیس رپورٹ ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر علاقوں سے 228 ڈینگی کیس سامنے آئے، رواں برس گلگت بلتستان سے کوئی ڈینگی کیس سامنے نہیں آیا۔ اب تک ملک میں ڈینگی سے 47 اموات ہوچکی ہیں۔
ذرائع وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی سے 16 اموات ہو چکی ہیں۔ اسی طرح پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3 اور آزاد کشمیر میں ڈینگی سے ایک ہلاکت ہوئی۔ پختونخواہ اور قبائلی اضلاع میں ڈینگی سے کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔