کراچی: بنگلہ دیشی سیکیورٹی وفد نے دورہ کراچی مکمل کرلیا اور نیشنل اسٹیڈیم میں کیے جانے والے انتظامات کا اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی وفد سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہے، وفد نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہوم منسٹری میں ملاقات کی اور نیشنل اسٹیڈیم کے مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے تصاویر بنائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں ماہ بنگلہ دیش انڈر 16 اور ویمنز ٹیم کی پاکستان آمد یقینی ہوگئی ہے، واضح رہے کہ آئندہ سال جنوری میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان شیڈول ہے۔
بنگلہ دیش سیکیورٹی وفد کراچی میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد لاہور روانہ ہوگیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے کراچی میں ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی تھی اور لاہورمیں تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز کھیلی گئی تھی۔
سری لنکن ٹیم کے کپتان سمیت کھلاڑیوں نے بھی پاکستان میں سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آکر میچز کھیلنا چاہئیں۔