لاہور: صوبائی وزیر برائے کالونیز فیاض الحسن چوہان نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو ہٹلر کا پیروکار قرار دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے آر ایس ایس کی طرح مسلح جتھے بنا کر ہٹلر کی سوچ کو پروان چڑھایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’’مولانا فضل الرحمان فوج کے خلاف انتہائی منفی باتیں کررہے ہیں جبکہ ملک میں جو امن و امان ہے اُس کے پیچھے وردی ہے’’۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مسلح جتھوں کی ویڈیو اُس وقت چلائی گئی جب ایف اے ٹی ایف کا اجلاس جاری تھا، اس عمل کی وجہ سے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ بری طرح سے متاثر ہوئی۔
مزید پڑھیں:حکومت کا جے یو آئی ف کی فورس انصار الاسلام کیخلاف کارروائی کا بڑا فیصلہ
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ریاست سے مضبوط کوئی چیز نہیں، مولانا کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دی جارہی ہے مگر جتھے لانے کی اجازت کسی کو نہیں ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے جے یو آئی ف کی ذیلی تنظیم اور مسلح فورس انصار الاسلام کے خلاف کارروائی کا فیصلہ بھی کرلیا، اس ضمن میں وزارت داخلہ نے کارروائی کے لیے وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کی۔
آرٹیکل 146 کے تحت وزارت داخلہ کو صوبوں سے مشاورت کا اختیار دے دیا گیا اور آرٹیکل 256 اور 1974 ایکٹ کے سیکشن 2 کے تحت تنظیم پر پابندی عائد کی جائے گی۔
سمری میں کہا گیا ہے کہ مشاورت کے بعدوزارت داخلہ کے ذریعے صوبوں کو کارروائی کا اختیار دیا جائے گا اور وفاقی حکومت کی ہدایت پر مکمل عمل کے لیے صوبوں کو ہر قسم کی کارروائی کا اختیار ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: جامعہ بنوریہ نے فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی مخالفت کر دی
علاوہ ازیں حکومت نے جمعیت علماء اسلام ف سمیت اپوزیشن کی دیگر جماعتوں سے مذاکرات کےلیے کمیٹی بھی تشکیل دی جس کی سربراہی وزیردفاع پرویز خٹک کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کے استعفیٰ کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے، مظاہرین کے خلاف فوج استعمال کرنے کا آپشن زیر غور نہیں ہے۔
واضح رہے جے یو آئی (ف) نے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا ہے، مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مظاہروں کے ساتھ اسلام آباد کی طرف آزادی مارچ شروع ہوگا۔