لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر حسن علی کمر درد سے چھٹکارا حاصل نہ کرسکے اور انہیں ڈاکٹرز نے مزید تین ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق حسن علی دورۂ آسٹریلیا کے حوالے سے لگنے والا کیمپ جوائن کرنا چاہتے تھے البتہ ڈاکٹرز نے انہیں مزید تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا جس کے بعد دورے میں اُن کی شمولیت کے امکانات معدوم ہوگئے۔
یاد رہے کہ حسن علی سری لنکا کےخلاف سیریزسےقبل کمر دردکاشکارہوئے تھے، وہ ٹی 20 ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم کا حصہ ہیں۔
فاسٹ باؤلر کی خواہش تھی کہ وہ ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ کے آخری دو میچز کھیلیں البتہ ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا جس کے بعد وہ فیصل آباد واپس اپنے گھر آگئے۔
باؤلرز کیمپ
دورہ آسٹریلیا سے قبل باؤلرز کا کیمپ کل سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس کی زیر نگرانی 2 روزہ کیمپ اتوار تک جاری رہے گا۔
سلیکشن کمیٹی نے قائد اعظم ٹرافی اور نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 13 باؤلرز کو کیمپ میں مدعو کرلیا۔ فاسٹ باؤلرز محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی بھی کیمپ جوائن کریں گے۔
علاوہ ازیں بلال آصف، بلاول بھٹی، عمران خان سینئر اور کاشف بھٹی، محمد عرفان (اسپینر)، موسی خان، محمد محسن، نسیم شاہ، راحت علی، ثمین گل کو بھی کیمپ جوائن کرنے کی دعوت دی گئی۔
پی سی بی کے مطابق دورہ آسٹریلیا سے قبل 2 روزہ باؤلنگ کیمپ کا مقصد باولرز کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے، سیریز کے لیے ٹیم کا انتخاب صرف کیمپ میں طلب کیے گئے باولرز تک محدود نہیں رہے گا۔
وقار یونس کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی آسٹریلیا کی کنڈیشنر اور کھیل کے فارمیٹ کو مدنظر رکھ کر کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی، چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سمیت ٹیسٹ کپتان اظہر علی بھی باؤلرز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔