اسلام آباد:پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوآج سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کریں گے ، جس میں لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کی شکست اور جےیوآئی کے آزادی مارچ کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری آج اڈیالہ جیل میں شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں باہمی امور، لاڑکانہ کے ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کے امیدوارکی شکست سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔
دونوں رہنما اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ سے متعلق پارٹی حکمت عملی پر اور شرکت کے حوالے سے مشاورت کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کومزید نہیں چلنےدیں گے، عمران خان کو سمجھنا ہوگا کہ حکومت کرنا کوئی کرکٹ کا میچ نہیں، لگتا نہیں کہ یہ حکومت زیادہ دن چل پائے۔
مزید پڑھیں : مجھے نہیں لگتا حکومت مدت پوری کر پائے گی: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو نے مزید کہا تھا کہ سیاسی جماعتیں عوام کےمسائل پارلیمان سےحل کرناچاہتی ہیں، وزیراعظم پرفرض ہے۔ عوام میں اتحاد پیدا کریں، ہم منتخب لوگ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہیں،سیاسی جماعتیں اور ہر طبقہ احتجاج پر مجبورہے۔
خیال رہے کہ ملک میں اس وقت اپوزیشن کی جانب سے حکومت مخالف آزادی کے سلسلے میں سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں، حکومت نے جے یو آئی ف سے مذاکرات کے لیے ٹیم بھی تشکیل دی ہے، تاہم فضل الرحمان کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم مستعفی ہوں۔
گزشتہ روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے آزادی مارچ میں شرکت بلاول بھٹو کی شمولیت سے مشروط کر دی تھی، شہباز شریف نے واضح کر دیا کہ بلاول بھٹو کے نہ ہونے پر احسن اقبال قیادت کریں گے، پیپلز پارٹی کی دوسرے درجے کی قیادت کے ساتھ کھڑا نہیں ہو سکتا۔