کراچی: سندھ رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 10 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں امن و امان کے قیام کے لیے رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں، رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں سے 10 ملزمان کو گرفتارکرکے مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق سعود آباد اور چاکیواڑہ سے 4 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا ہے، بغدادی، سول لائن اور ڈاکس سے تین منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گڈاپ سے بھی 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔
ادھر اینٹی کرپشن ساؤتھ زون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کے ایم سی ورکر ذوالفقار علی کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔
مزید پڑھیں: کراچی، گھروں کے باہر ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار
ڈپٹی ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ملزم 30 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار ہوا ہے، ملزم نوکریوں، تعیناتیوں کا جھانسہ دے کر رشوت طلب کرتا تھا۔
دوسری جانب ڈی آئی جی ٹریفک نے خاتون ڈرائیور کے ساتھ اہلکار کے تلخ رویے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری ایس پی ٹریفک سینٹرل کو سونپ دی ہے۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرکے تین دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی کی پولیس نے بریگیڈ کے علاقے میں گھر کے باہر شہری کو لوٹنے والے کارندے کو گرفتار کیا تھا، ملزم کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی تھی۔