اسلام آباد : وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ملکی ادارے بحالی اور بہتری کی جانب گامزن ہیں جس سے قوم کو فائدہ ہوگا،ہم1275کلو میٹر سڑکوں کا آغاز کرنے جارہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے موٹر وے پولیس ہیڈ کوارٹرز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مراد سعید نے کہا کہ این ایچ اے اور موٹروے پولیس نے محدود وسائل میں کام کیا، جتنے بھی موٹرویز بن رہے ہیں ان پرنئی بھرتیاں شروع ہوگئیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور میں سی پیک کے تحت510کلومیٹر سڑک کا آغاز ہوا تھا، اب ہم 1275کلو میٹرسڑکوں کا آغازکرنے جارہے ہیں، آئی جی موٹر وے اور افسران کو مبارکباد دیتا ہوں، آپ لوگوں کی وجہ سے آج ادارہ فعال ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات کا کہنا ہے کہ حکومت میں آئے تو تمام ادارے خسارے میں تھے، جب ادارے خسارے میں ہوں توپیسہ رکھا جاتا ہے، این ایچ اے اپنے پیسے سے سڑکیں بنائے گا بجٹ سے پیسہ نہیں لے گا، مغربی روٹ اب خواب اور وعدہ نہیں حقیقت ہے، سی پیک اب آہستہ آہستہ آگے جارہا ہے۔
مراد سعید نے مزید کہا ہے ہم پانی کے لئے الیکٹرانک نظام لے کر آرہے ہیں، ادارے بحالی اور بہتری کی جانب جارہے ہیں قوم کو فائدہ ہوگا،2018میں جب حکومت بنی تو ملک24ہزار ارب قرضے میں تھا، امپورٹ بہت زیادہ تھی ،ایکسپورٹ نہ ہونے کے برابر تھی۔
انہوں نے کہا کہ مشکل مرحلہ گزر گیا اب ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، ہر ادارہ گروی رکھوادیا گیا تھا تو ملک کیسے ترقی کرے گا، ایسا نظام لے کر آرہے ہیں جس سے آپ کیلئے آسانیاں پیدا ہوں۔