اسلام آباد: مشیرتجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کاروبار آسان بنانے کے لیے مختلف اور بڑے پیمانے پر اقدامات کیے جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بیرونی ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے مراعات دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی ملک سرمایہ کاروں کو مراعات دینے سے کاروبار میں اضافہ ہوگا، معیشت سے متعلق موجودہ حکومت مختلف اقدامات کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کاروبار میں حائل غیرضروری رکاوٹیں ختم کررہے ہیں، بلوچستان اور کےپی میں بھی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مراعات دے رہے ہیں۔
ادھر وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے بھی مثبت اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں، امریکا سے سرمایہ کاروں کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے، جو پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں 100 ملین ڈالرکی سرمایہ کاری کا اعلان کرے گا۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے مثبت اثرات آنا شروع
خیال رہے کہ امریکی وفد نے وفاقی وزیر امور کشمیرگلگت بلتستان علی امین گنڈاپور سے ملاقات کی، ملاقات میں اسکردو سمیت گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں سیاحتی مراکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے جولائی میں وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا کے دوران امریکی بزنس ایگزیکٹو کے وفد سے ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم نے وفد کو نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور کاروبار میں آسانی کے لیے حکومت کے حالیہ اقدامات سے آگاہ کیا تھا۔