اشتہار

فائن آٹے کی برآمد پر پابندی، مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: حکومت نے فائن آٹے کی برآمد پر پابندی عائد کر دی ہے، وزیر اعظم نے مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت معاشی ٹیم کے اجلاس میں فائن آٹے کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ عوام تک سستی روٹی اور آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اور سستے آٹے کی راہ میں حائل ذخیرہ اندوزوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

- Advertisement -

اجلاس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ پر بھی مشاورت کی گئی، اجلاس میں بتایا گیا کہ متحرک اور ماہر افراد پر مشتمل بورڈ آف گورنرز قائم کیا جا رہا ہے، اسمیڈا کے سی ای او کی تعیناتی دسمبر تک ہو جائے گی، صنعتوں کے فروغ کے لیے 3 سالہ اسٹریٹجی پلان منظور کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ملکی سرمایہ کاروں کو بھی سہولتیں دیں گے، روپے کی قدر مستحکم ہو گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ کے اعشاریے بھی تیزی سے اوپر جا رہے ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ترسیلات میں آسانیاں پیدا کی جائیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے بھی بریفنگ دی گئی، جس میں کہا گیا کہ بینکنگ کورٹس میں کل 46,940 کیسز زیر التوا ہیں، ان کیسز کے حل کے لیے قوانین میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

وزیر اعظم نے اجلاس میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کی رینکنگ میں بہتری پر خوشی کا اظہار کیا، اور معاشی ٹیم اور متعلقہ اداروں کو مبارک باد دی، انھوں نے کہا رینکنگ میں بہتری پاکستان کے لیے بڑی کامیابی ہے، معاشی ٹیم کے ساتھ متواتر اجلاسوں کا مقصد معیشت میں بہتری ہے، معاشی اعشاریے بہتری کی طرف جا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تعمیرات اور چھوٹے کاروبار کو ترویج دینا معاشی ٹیم کا مشن ہونا چاہیے، ہم نے روزگار کے مواقع بڑھا کر معیشت کا پہیا چلانا ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں