تازہ ترین

حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں میں مذاکرات سے متعلق ڈیڈ لاک ختم

اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کمیٹیوں کے درمیان مذاکرات سے متعلق ڈیڈ لاک ختم ہو گیا ہے، کمیٹیوں میں ایک بار پھر رابطے شروع ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ اپوزیشن اور حکومتی کمیٹی کے درمیان ایک بار پھر رابطے شروع ہو گئے ہیں، مذاکرات میں جو ڈیڈ لاک آ گیا تھا، ختم ہو گیا ہے اور کمیٹی کے ارکان نے ٹیلی فونک رابطے شروع کر دیے ہیں۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن کو جلسہ کرنے کے لیے نئے مقامات بھی تجویز کر دیے ہیں، بتایا گیا ہے کہ حکومتی کمیٹی نے اپوزیشن کو ایف نائن پارک استعمال کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام ف ریڈ زون میں آزادی مارچ کو لے جانے کے مطالبے سے دست بردار ہو گئی ہے اور احتجاج کے لیے نئے مقام کا تعین مشاورت سے کرنے پر بھی اتفاق کیا جا چکا ہے۔

مزید تفصیل:  جے یو آئی ف ریڈ زون میں آزادی مارچ کو لیجانے کے مطالبے سے دستبردار

یہ پیش رفت آج رہبر کمیٹی اور حکومتی ٹیم کے مذاکرات میں سامنے آئی، اس سے قبل اپوزیشن ڈی چوک پر جلسے کے لیے ڈٹی ہوئی تھی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کوشش کے باوجود اپوزیشن کو قائل نہ کر سکی تھی۔

اس سلسلے میں پیش رفت نہ ہونے پر مذاکراتی کمیٹی نے وزیر اعظم سے ملاقات بھی مؤخر کر دی تھی۔

ذرایع کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم سے ملاقات سے قبل سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں، مذاکراتی کمیٹی سفارشات وزیر اعظم کو پیش کرے گی اور اپوزیشن کے جلسے کے مقام کے تعین پر ان کے ساتھ مشاورت ہوگی۔

Comments

- Advertisement -