اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کی طبیعت بدستور ناساز ہے، اسپتال ذرایع کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو شوگر لیول بڑھنے سے پیچیدگیوں کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے ان کا علاج کرنے والے طبی بورڈ میں توسیع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر کا شوگر لیول گزشتہ 3 ماہ سے معمول سے کئی زیادہ ہے، شوگر بڑھنے سے ان کے اندرونی اعضا متاثر ہونے کا خدشہ ہے، معمول سے زیادہ پیشاب آ رہا ہے، ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ میں توسیع کی گئی ہے جس کے بعد بورڈ کے ارکان کی تعداد 6 ہو گئی ہے۔
میڈیکل بورڈ میں شعبہ امراض گردہ و مثانہ ساجد قاضی اور پیتھالوجی کے اسپیشلسٹ کو بورڈ میں شامل کیا گیا ہے، میڈیکل بورڈ نے سابق صدر آصف زرداری کا طبی معائنہ بھی کیا، اسپتال ذرایع نے بتایا کہ ان کے گردوں اور مثانے میں انفیکشن کا شبہ ہے، جس پر ڈاکٹرز نے گردوں اور مثانے کے مزید ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کے بعد آصف زرداری کے بھی پلیٹ لیٹس کم ہونے لگے
ذرایع نے بتایا کہ آصف زرداری کا الٹرا ساؤنڈ، یورین کلچر ٹیسٹ کیا جائے گا، ٹیسٹس سے گردوں اور مثانے میں انفیکشن کی مقدار معلوم کی جائے گی،ٹیسٹس کے نتایج کی روشنی میں دوائیں بھی تجویز کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ سابق صدر کا بلڈ پریشر لیول نارمل جب کہ شوگر لیول میں اتار چڑھاؤ ہے، آصف زرداری کی باقاعدگی سے فزیو تھراپی بھی جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسپتال ذرایع نے انکشاف کیا تھا کہ نواز شریف کی طرح آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس بھی کم ہونا شروع ہو گئے ہیں، 2 روز میں ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں 21 ہزار کی کمی ہوئی ہے۔