جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

مریم نواز کی درخواست ضمانت ، نیب حکام نے اپنا جواب عدالت میں جمع کرادیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : چوہدری شوگرملز کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست ضمانت پر نیب حکام نے اپنا جواب عدالت میں جمع کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں 2رکنی بینچ نے چوہدری شوگرملز کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز  کی درخواست  ضمانت پر سماعت کی۔

نیب حکام نے درخواست ضمانت پر اپنا جواب عدالت میں جمع کرادیا ، وکیل نے کہا مریم نوازجسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل ریمانڈپرجیل میں ہیں ، مریم نواز سے جوتفتیش کرنی تھی کی جاچکی ہے ، جس پر عدالت نے کہا ہمارے پاس یہ کیس پہلی بار آیا ہے ، نیب کا جواب پڑھ لیں اس کے بعد اس پر بحث کر لیں، ہمیں وقت دیا جائے تاکہ اس جواب کو پڑھ لیا جائے۔

بعد ازاں لاہورہائی کورٹ نے مریم نواز کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی کردی۔

گذشتہ سماعت میں نیب کی جانب سے مریم نوازکی متفرق درخواست ضمانت پر جواب جمع کرایا گیا تھا ، وکیل نے کہا تھا والدکی حالت تشویشناک ہے ،مریم  نواز کوتیمارداری کرنی چاہیے، جس پر عدالت نے استفسار کیا کیا مریم نواز کو والد سے ملاقات کی اجازت دی گئی۔

وکیل مریم نواز نے بتایا اجازت تو دی گئی مگر بعد میں واپس جیل لے گئے ، مریم نواز پاکستان میں اپنے والد کے پاس واحد اولاد ہیں ،اگر کچھ ہو گیا تو وقت کو  واپس نہیں لایا جا سکتا، جس پر نیب نے کہا ایسا قانون نہیں کہ قیدی کو والدین کی تیمارداری کیلئے ضمانت دی جائے۔

مزید پڑھیں : مریم نواز کی درخواست ضمانت پرنیب سے تفصیلی جواب طلب

عدالت نے نیب کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا بتایا جائے کیا مریم کو والد کے ساتھ رہنےکی اجازت دی جا رہی ہے یا نہیں ، حتمی طور پر بتایا  جائےکیانوازشریف اورمریم کانام ای سی ایل میں ہے یا نہیں؟

خیال رہے چوہدری شوگرملز کیس میں گرفتار سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا آج تک کے جوڈیشل ریمانڈ پر ہے۔

واضح رہے 8 اگست کو نیب نے چوہدری شوگرملز منی لانڈرنگ کیس میں مریم نوا ز کو تفتیش کے لئے بلایا گیا تھا لیکن وہ نیب دفترمیں پیش ہونے کے بجائے  والد سے ملنے کوٹ لکھپت جیل چلی گئیں تھیں، تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش نہ ہونے پر نیب ٹیم نے انھیں یوسف عباس کو گرفتار کرلیا تھا۔

نیب کے تفتیشی افسر کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھاکہ مریم نواز، نوازشریف اور شریک ملزموں نے2000ملین کی  منی لانڈرنگ کی، ملزمان کےاثاثے ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں