اسلام آباد : سربراہ پاک فضائیہ ایئر مارشل مجاہد انورخان نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ مادر وطن کے فضائی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، ہم کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سومیانی فائرنگ رینج میں انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ مجاہد انورخان اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
سومیانی فائرنگ رینج میں انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں میں پاک فضائیہ کے نمبر11ملٹی رول اسکواڈرن نے فتح حاصل کرلی، مینٹی نینس ٹرافی نمبر14اسکواڈرن نے حاصل کی۔
پہلی مرتبہ متعارف بیسٹ آرمامنٹ ٹرافی نمبر دو اسکواڈرن اور نمبر 8اسکواڈرن کو عطا کی گئی جبکہ مینٹی نینس ٹرافی نمبر14اسکواڈرن نے حاصل کی۔
انٹر اسکواڈرن آرمامنٹ مقابلوں میں ونگ کمانڈر نعمان اکرم کو انفرادی نشانہ بازی کے مظاہرے پر شیرافگن ٹرافی سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل مجاہد انورخان نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ جنگی صلاحیتیں بڑھانے پر جدیدیت اور خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے، ہم مادر وطن کے فضائی دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاک فضائیہ عزم اور حوصلے کے ساتھ قوم کی آواز پر لبیک کہتی ہے، پوری قوم کی طرح کشمیری بھائیوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہیں۔