منگل, مئی 13, 2025
اشتہار

اے این پی کا قافلہ پہنچ گیا، بلاول بھٹو بھی جلسے سے خطاب کریں گے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: اسفندیار ولی کی قیادت میں عوامی نیشنل پارٹی کا قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا، پی پی چیئرمین کے ترجمان مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آج اپوزیشن کے جلسے میں شرکت کریں گے اور اپنے فیصلے کے تحت جلسے سے مختصر خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ پی پی چیئرمین آزادی مارچ میں شرکت کریں گے، انھوں نے کہا شیڈول کے تحت بلاول بھٹو نے 31 اکتوبر جلسے کے لیے وقت رکھا تھا، تاہم آج صبح سے مشترکہ جلسے سے متعلق کنفیوژن رہا، کنفیوژن ابھی تک ہے لیکن بلاول نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جلسے میں جائیں گے۔

مصطفیٰ نواز کے مطابق فضل الرحمان کی درخواست پر بلاول نے آج کا دن جلسے کے لیے رکھا تھا، بلاول شیڈول کے مطابق جلسہ گاہ پہنچیں گے اور خطاب کریں گے، پی پی چیئرمین کل رحیم یار خان جائیں گے، موقع ملا تو دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔

تازہ ترین: ‌‌’کنٹینر ہمیں اسلام آباد آنے سے نہیں روک سکتے’

ادھر اے این پی کا مرکزی قافلہ اسلام آباد میں جلسہ گاہ پہنچ گیا ہے، اسفندیار ولی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رہبر کمیٹی نے آج جلسے کا اعلان کیا تھا، کوئی پہنچے یا نہ پہنچے اے این پی پہنچ گئی ہے، تحریکوں میں پروگرام آگے پیچھے ہوتے رہتے ہیں، اپوزیشن میں کوئی دراڑ نہیں ہے۔

اسفندیار نے کہا کہ اے این پی جلسہ گاہ پہنچ گئی ہے، ہم نے اپنا جلسہ کرنا ہے، رہبر کمیٹی کے آخری فیصلے کے بعد کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، ہم یہاں آ گئے، جلسہ ہوگا، تقریریں ہوں گی اور ہم چلے جائیں گے، فضل الرحمان نے جنگ کا بگل بجا دیا ہے میں ان کی لڑائی لڑوں گا، پہلی قسط چلا دوں گا دوسری فضل الرحمان چلائیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ رہبر کمیٹی کے فیصلے پر سب سے پہلے اے این پی ہوگی، نعروں سے کام نہیں بنے گا، عملی کام کرنا ہوگا، جو اجتماع اپوزیشن کر سکتی ہے وہ حکومت نہیں کر سکتی۔

اے این پی کے سربراہ نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی بھی کیا، اور کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے، پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں