اسلام آباد: پرویزخٹک کی زیرصدارت حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جس میں صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی زیرصدارت مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا۔ اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی رہائش گاہ پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ کور کمیٹی فیصلوں کی روشنی میں لائحہ عمل پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن کی پریس کانفرنس کا جائزہ لیا جائے گا اور اپوزیشن سے رابطوں پر حکمت عملی طے کی جائے گی۔
عوام کو اکسانے پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف عدالت جا رہے ہیں: پرویز خٹک
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر دفاع پرویز خٹک نے اعلان کیا تھا کہ عوام کو اکسانے کے بیان پر مولانا فضل الرحمان کے خلاف عدالت جا رہے ہیں، کیس تیار ہو جائے گا، انشاء اللہ پیر کو عدالت جائیں گے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان کا وزیراعظم کو گرفتار کرنے کا بیان بغاوت ہے، مارچ والوں کو بتا دیتا ہوں جو وہ کر رہے ہیں سب کچھ ریکارڈ میں آرہا ہے، ہمارے لوگ سفید کپڑوں میں گھوم رہے ہیں، سب ریکارڈ ہو رہا ہے، حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں۔