لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کا اعلیٰ سطح اجلا س آج ہورہا ہے جس میں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کی بلائی گئی اے پی سی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں شہبازشریف کی زیرصدارت (ن) لیگ کا اہم اجلاس اب سے کچھ دیر بعد لاہور میں ان کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن میں ہوگا جس میں شرکت کے لیے پارٹی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کی جانب سے اپوزیشن کی اے پی سی کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی جب کہ آزادی مارچ سے پیدا ہونے والی صورتحال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائےگی۔
اجلاس میں شرکت کے لیے سابق گورنر سندھ محمد زبیر ، امیر مقام ، رانا تنویر حسین سمیت متعدد رہنما پہنچ چکے ہیں۔
اجلا س میں آمد کے موقع پر سابق گورنر سندھ محمد زبیر عمر کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نےپہلے ہی کہا تھا کہ مارچ میں جائیں گےلیکن دھرنےمیں نہیں، دعاگوہیں حکومت اور مولانا کےمعاملات احسن طریقےسےطےہوجائیں۔
محمد زبیر نے کہا کہ تشدد اور غیر یقینی کی صورتحال پیدا نہیں ہونی چاہیے،(ن) لیگ آج دھرنےکے حوالے سےغور اورحکمت عملی طےکرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ کی حکمت عملی بنانے کے لیے اپوزیشن کی اے پی سی بلارہے ہیں جس میں مشاورت کے بعد حتمی اقدام اٹھانے کے فیصلے کیے جائیں گے۔