اسلام آباد: وفاقی حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں قومی اسمبلی کا اجلاس کل ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق مولانافضل الرحمان کے آزادی مارچ کے پرامن حل کے لیےوفاقی حکومت کی جانب سے پیش قدمی جاری ہے، ایک جانب اپوزیشن سے بات چیت کے لیے مذاکراتی کمیٹی اپنا کام کررہی ہے تو دوسری جانب حکومت سیاسی معاملے کو پارلیمان میں زیر بحث لانے کو تیار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق نےقومی اسمبلی کااجلاس سات نومبر کی شام چار بجے طلب کرلیا ہے جس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کو گرفتار کیا جائے، درخواست دائر
ذرائع کے مطابق اجلاس سےوزیر اعظم عمران خان بھی خطاب کریں گے جب کہ اجلاس میں اپوزیشن کوبات کرنے کاموقع فراہم کیاجائےگا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے جو آج ہوگا۔
اجلاس میں آزادی مارچ کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کے لیے حکمت عملی طے کی جائے گی اور اس حوالے سے اتحادی جماعتوں کے اعتماد میں لینے کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کو ٹاسک دیا جائے گا۔