لاہور: صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اب نواز شریف اور مریم نواز کا سیاست میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے اب مریم نواز اداروں کے خلاف بات نہیں کریں گی، ن لیگ کی سیاست کس کروٹ بیٹھے گی یہ بعد میں پتا چل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف باہر علاج کے لیے گئے تو صورت حال مختلف ہوگی، ریاستی اداروں کے خلاف بات کرنے والے کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ خاتون ہو یا مرد، ریاست کے خلاف بولنے والے کی کوئی عزت نہیں ہوتی ہے، ریاستی اداروں کے خلاف بات کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔
مزید پڑھیں: فضل الرحمان کا آزادی مارچ بربادی مارچ بن جائے گا، فیاض الحسن چوہان
صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز کا سافٹ ویئر بھی تھوڑا تبدیل ہوا ہے، ان کو ریلیف حکومت نہیں عدالتیں دے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ خادم رضوی کی طرح مولانا فضل الرحمان کا سافٹ ویئر بھی تبدیل ہوگا، مولانا صاحب کے دھرنے کو روکنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ مدارس اورمساجد اسلام کا قلعہ ہیں، والدین بچوں کو مدارس میں پڑھنے کے لیے بھیجتے ہیں، والدین اپنے بچوں کو مولانا صاحب کے لیے نہیں بھیجتے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سر کے بال سے پاؤں کے ناخن تک کرپشن میں ملوث ہیں، وہ اپنے خاندان کے 10سے 30 افراد کو حکومت میں لائے تھے۔