تازہ ترین

برطانیہ میں ٹرک سے 39 لاشیں ملنے کی تحقیقات میں پیش رفت، ویتنام سے 8 افراد گرفتار

لندن: برطانیہ میں ٹرک سے 39 لاشیں ملنے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے اور ویتنام سے 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں ٹرک سے 39 لاشیں ملنے کے بعد پولیس نے کارروائی کا سلسلہ تیز کردیا ہے اور ویتنام سے 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 8 افراد کی گرفتاری کے بعد حراست میں لیے گئے افراد کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

ویتنام پولیس چیف کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، غیرقانونی طور پر تارکین وطن کو برطانیہ لانے کے سلسلے کو روکا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے بہتر کام اب اس واقعے کے نتائج سے نمٹنے اور ہلاک افراد کے اہل خانہ کو لاشوں کے حصول میں مدد فراہم کرنا ہے۔

مزید پڑھیں: لندن، ٹرک میں‌ مرنے والی ویتنامی لڑکی کا آخری خط سامنے آگیا

رپورٹ کے مطابق برطانوی پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے دوران کہا تھا ہلاک ہونے والے تمام افراد چینی باشندے ہیں تاہم ویتنامی خاندان کا کہنا تھا کہ ان کے لواحقین بھی ٹرک میں سوار تھے۔

واضح رہے کہ 23 اکتوبر کو برطانوی علاقے ایسکس میں ٹرک سے 39 لاشیں ملی تھیں، برطانوی پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرلیا تھا، برطانیہ میں ٹرک سے ملنے والی لاشوں کی تحقیقات کے دوران تفتیشی ٹیم کو ویتنامی لڑکی کا آخری خط ملا تھا جو اس نے اپنے گھر والوں کے لیے تحریر کیا تھا۔

تحقیقاتی افسران کا کہنا تھا کہ 26 سالہ لڑکی نے اپنے والدین سے محبت کا والہانہ اظہار بھی کیا اور اُن سے معافی بھی مانگی تھی، ترامائی نے لکھا تھا کہ ’’میں آپ سب سے معذرت چاہتی ہوں کہ باہر جانے کا خواب ناکام ہوگیا، دم گھٹنے کی وجہ سے اب میری زندگی ختم ہورہی ہے‘‘۔

Comments

- Advertisement -