اسلام آباد: اپوزیشن کی ریکوزیشن پر چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورت حال زیربحث آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اپوزیشن کی ریکوزیشن پر سینیٹ کا اجلاس آج ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کریں گے۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال زیربحث آئے گی، جے یو آئی مارچ سے پیدا شدہ صورت حال پرغور ہوگا۔
چیئرمین صادق سنجرانی کی زیرصدارت اجلاس میں مقبوضہ کشمیر، پی ایم ڈی سی کی تحلیل کا معاملہ بھی زیرغور آئے گا۔ اجلاس میں معاشی صورتحال، بجلی اور گیس کی قیمتوں سے متعلق بحث ہوگی۔
اجلاس سے قبل حکومت اور اپوزیشن جماعتوں نے بھی الگ الگ اجلاس طلب کیے ہیں۔ حکومتی اتحادی جماعتوں کا اجلاس سہ پہر سوا 3 بجے قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس کمیٹی روم نمبر 4 میں ہوگا۔
اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس قائد حزب اختلاف سینیٹر راجہ ظفرالحق کی زیرصدارت 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے کمیٹی روم نمبر 1 میں ہوگا۔ اجلاس میں سینیٹ سیشن سے متعلق مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے حکومتی مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا، اہم بیٹھک وزیراعظم ہاؤس میں ہوگی۔
وزیر دفاع پرویز خٹک مذاکرات پر پیشرفت سے وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کریں گے جبکہ پرویز الہیٰ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات پر بریفنگ دیں گے۔