اسلام آباد : جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات سے انکار نہیں کرتے، چوہدری برادران ڈیڈلاک توڑنے کی کوشش کررہے ہیں، معاملہ سنجیدگی سے حل ہونا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چودھری شجاعت کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چودھری شجاعت کی رہائش گاہ پر چودھری برادران سے ملاقات کی جس میں دھرنا ختم کرنے سمیت اہم امور پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر چوہدری پرویز الہٰی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا کسی پروٹوکول کا پابند نہیں.
ہم نے مل کر اس ملک کو اس بحران سے نکالنا ہے، یہ کبھی کہتے ہیں کمیشن بناتے ہیں، معاملے کا جلد حل نکل آئے گا، ہم مذاکرات سے انکار نہیں کرتے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمارے احتجاج کی سمت حکومت کی جانب ہے، چوہدری برادران ڈیڈلاک توڑنے کی کوشش کررہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ معاملات سنجیدگی سے حل ہوناچاہیے، ہم نے جو فیصلے کیے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں آزادی مارچ کے حوالے سے حکومت اور رہبر کمیٹی کے درمیان ڈیڈ لاک ابھی تک موجود ہے جس کو دور کرنے کیلئے چودھری برادران اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
چودھری برادران کی ان کوششوں کی تعریف وزیراعظم عمران خان بھی کرچکے ہیں۔ اس حوالے سے چودھری پرویز الہٰی کا کہناہے کہ وہ اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے اور کامیابی سے متعلق پرامید ہیں۔