منگل, جولائی 1, 2025
اشتہار

مولانا فضل الرحمان بڑی یقین دہانی اور گارنٹی کے منتظر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان بڑی یقین دہانی اور گارنٹی کے منتظر ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانافضل الرحمان حکومتی پیشکش پر تاحال مطمئن نہیں اور مسلسل رہبر کمیٹی کو انگیج رکھ کر دباؤ بڑھانا چاہتےہیں۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانافضل الرحمان بڑی یقین دہانی اور گارنٹی کے منتظر ہیں اور ان کو حکومتی کمیٹی کے ایک یا دو ممبران کے سوا کسی پر اعتماد نہیں۔

ذرائع کے مطابق مولانافضل الرحمان مسلسل رہبر کمیٹی کو انگیج رکھ کر دباؤ بڑھانا چاہتےہیں اور مذاکرات کے 2دور اور حکومتی پیشکش پرتاحال مطمئن نہیں، پرویز الہیٰ نے ملاقات میں مولانا کو وزیراعظم سے ملاقات اور پیشرفت سے آگاہ کیا تھا۔

خیال رہے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی چوہدری برادران سے ملاقات جاری ہے ، جس میں اہم پیشرفت کا امکان ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاہدے کے مسودےکی تیاری کرلی گئی ہے۔

مزید پڑھیں : چوہدری برادران کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، اہم پیشرفت کا امکان

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان معاہدے کے مسودےکی تیاری کرلی گئی ہے ، ڈرافٹ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کو پیش کیا جائےگا، جس میں حکومت اپوزیشن کی کئی شرائط ماننے پر راضی ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق صاف شفاف انتخابی عمل سےمتعلق لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا جبکہ انتخابی عمل میں فوج کے کردار پربھی پیش رفت کا بھی امکان ہے، حکومت انتخابی اصلاحات میں بہتری لانے پر اپوزیشن سے متفق ہے، مسودےپر اتفاق کی صورت میں مشترکہ نیوز کانفرنس کی جائے گی۔

گذشتہ روز جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے چوہدری پرویز الہٰی کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا ایک دوسرے کے گھر آنا جانا کسی پروٹوکول کا پابند نہیں، ہم نے مل کر اس ملک کو اس بحران سے نکالنا ہے، یہ کبھی کہتے ہیں کمیشن بناتے ہیں، معاملے کا جلد حل نکل آئے گا، ہم مذاکرات سے انکار نہیں کرتے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کہ ہمارے احتجاج کی سمت حکومت کی جانب ہے، چوہدری برادران ڈیڈلاک توڑنے کی کوشش کررہے ہیں، میں سمجھتا ہوں کہ معاملات سنجیدگی سے حل ہوناچاہیے، ہم نے جو فیصلے کیے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔

خیال رہے مولانا فضل الرحمان نے استعفے کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے کا اشارہ دیتے ہوئے ایک انٹرویو میں  کہا تھا کہ اگر مطالبے کے ہم وزن کوئی آفر ملتی ہے تو دیکھیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں