اسلام آباد : سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ناپسندیدہ حکومت کو بھی جتھوں کے ذریعے گرانا مناسب نہیں،اس وقت بھی کہا تھا کہ دھرنوں سے حکومت تبدیل کرنا غلط روایت ہوگی۔
یہ بات انہوں نے ٹیکسلا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں پی ٹی آئی کے دھرنے کو بھی غلط کہا تھا اب یہ دھرنا بھی غلط ہے۔
چوہدری نثاراچانک کوئی جھتہ آئے اور کہے کہ حکومت تبدیل کرو تو کیا ہوجانی چاہیے؟ اس وقت بھی کہا تھا کہ دھرنوں سے حکومت تبدیل کرانا غلط روایت ہوگی۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا کہ ایک جتھہ جائے گا تو دوسرا آجائے گا، اُس وقت جو جو دھرنوں کو غلط کہہ رہاتھا آج اسے ٹھیک کہہ رہا ہے۔
چوہدری نثار نے کہا کہ اگر دھرنا ایک دفعہ بیٹھ جائے تو پھر اسے اٹھانا مشکل ہوتا ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک بہت سے سیکیورٹی ایشوز سے دوچار ہے، ایسے میں اس طرح کے احتجاج سیکیورٹی کیلئے خدشات پیدا کرسکتے ہیں۔