وانا: وانا میں مسلح ڈاکو اسلحہ کے زور پر ڈیڑھ کروڑ روپے کے چلغوزے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وانا میں 10 مسلح ملزمان رات گئے گودام کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور وہاں موجود چوکیدار اور دیگر افراد سے اسلحہ کے زور پر نقدی، موبائل فون اور گودام سے 23 بوری چلغوزے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
متاثرہ تاجروں کا کہنا ہے کہ لوٹے گئے چلغوزوں کی قیمت ایک کروڑ بیس لاکھ بنتی ہے، تاجروں نے سٹی تھانہ وانا میں واقعے کا مقدمہ درج کروادیا ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں، ڈاکوؤں کی تلاش میں چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔
متاثرین گودام مالکان کا کہنا ہے کہ اگر ڈاکوؤں کو گرفتار اور لوٹا ہوا سامان برآمد نہ کیا گیا تو وانا بائی پاس روڈ بلاک کردیں گے۔
واضح رہے کہ خشک میوہ جات میں سب سے مہنگے چلغوزے ہیں، جن کی قیمت 8 ہزار روپے کلو، اور چھلے ہوئے چلغوزوں کی قیمت 14 ہزار روپے کلو ہے۔