جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

بغدادی کے نجی سرکل کے لوگ ترکی میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں: اردوان

اشتہار

حیرت انگیز

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ابوبکر بغدادی کے خاندان کے لوگ اور قریبی افراد ترکی میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کے صدر نے انکشاف کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے داعش کے سربراہ ابوبکر بغدادی کے نجی سرکل کے لوگ شام سے ترکی میں داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں، کئی افراد گرفتار کرلیے گئے۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ ترک فورسز کی جانب سے داعش جنگجوؤں کی سازش پر خصوصی نظر رکھی جارہی ہے، اور بغدادی کے قریبی رشتے داروں کی گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے، گزشتہ روز بغدادی کی بہن اور بیوی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بغدادی کے قریبی لوگ ترکی میں داخل ہوکر ملک میں دہشت گردی کے عزائم رکھتے ہیں، اسی لیے وہ یہاں پناہ تلاش کررہے ہیں، تاہم متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے عسکریت پسند تنظیم داعش کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ ترک حکام کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا، گزشتہ سال 2 جون کو شمالی ترکی سے بغدادی کی ایک بیوی اور بیٹی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے داعش کے سربراہ ابوبکر بغدادی کی بیوی اور بہن گرفتار ہوچکی ہیں۔ امریکی صدر نے ترک ہم منصب رجب طیب اردوان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اس دوران انہیں اطلاع دی گئی کہ ترک فورسز کے ہاتھوں بغدادی کی بہن اور بیوی گرفتار ہوئیں۔

ٹرمپ کا بغدادی کی بیوی اور بہن کی گرفتاری کا دعویٰ

واضح رہے کہ 5 نومبر کو ترک حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ فورسز نے شمالی شام کے علاقے سے ابوبکر بغدادی کی بہن کو گرفتار کرلیا ہے، ترک عہدیدار کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والوں میں ابوبکر بغدادی کی بہن، ان کے شوہر اور بہو شامل ہیں، جن سے پوچھ گچھ جاری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں